13 دسمبر 2016 - 07:20
فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر ایران کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے تہران میں فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھےگا - ان کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنےمقاصد حاصل نہیں کرسکے گی -
وزیرخارجہ جواد ظریف نے جہاد اسلامی کے سربراہ سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ رہا ہے اور رہے گا اور فلسطینی گروہوں اورعوام میں اتحاد و یکجہتی کی برقراری کی کوشش بھی کرتا رہے گا -
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ رمضان عبداللہ نے بھی فلسطینی عوام کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا- اس سے قبل جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے تہران میں نامہ نگاروں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیئیس سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی اوسلو معاہدے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے بلکہ فلسطینی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوا ہے -
انہوں نے کہا کہ جہاد اسلامی نے فلسطین کے بارے میں ایک دس نکاتی فارمولہ پیش کیا ہے جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کی استقامت جاری رہنا چاہئے اور اوسلو معاہدے کو کالعدم قراردے دینا چاہئے - رمضان عبداللہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی ہمارے اس فارمولے کا خیرمقدم کیا ہے اور وہ ہمیشہ سرزمین فلسطین کی بازیابی کے لئے فلسطینی عوام کی جدو جہد کی حمایت کرتا رہا ہے -
انہوں نے کہاکہ فلسطین ، فلسطینیوں کا ہے اور فلسطینی قوم اپنی سرزمین کی بازیابی کے لئے جدو جہد جاری رکھے گی.

.......

/169